نئی دہلی،23دسمبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) گجرات کی جسدن اسمبلی سیٹ کے لئے ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی جیت ہوئی ہے تو وہیں جھارکھنڈ کی کولیبرا اسمبلی سیٹ کانگریس نے جیت لی ہے۔
خیال رہے کہ گجرات کے جسدن اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کنورجی باولیانے جولائی میں کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اُن کے بی جے پی میں شامل ہوتے ہی اُنہیں کابینہ وزیر بنایا گیا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے یہاں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا ، کانگریس نے اس سیٹ پر اوسر ناکیا کو میدان میں اُتار تھا، مگر کنورجی باولیا کو ہی یہاں کامیابی حاصل ہوئی۔ کنورجی باولیا کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ کولی کمیونٹی کے متاثر کن لیڈر ہیں اور متعلقہ حلقہ میں کولی کمیونٹی کی اکثریت پائی جاتی ہے۔باولیا کو یہاں19985 ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی ۔خیال رہے کہ باولیا اس سیٹ پر اس سے قبل کانگریس کی ٹکٹ پر پانچ مرتبہ جیت درج کرچکے ہیں۔ اب یہ اُن کی چھٹی جیت ہے ، مگر اس بار انہوں نے بی جےپی کی ٹکٹ پر جیت درج کی ہے۔
باولیا کی جیت کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی نے گجرات میں سنچری کے اعداد و شمار کو عبورکر لیا ہے۔دسمبر 2017 میں ہوئے گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی صرف 99 سیٹیں ہی اپنے پالے میں کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
اُدھر جھارکھنڈ کی کولیبرا سیٹ پر کانگریس کے امیدوار نے کامیابی حاصل کر لی۔گجرات کی جسدن اور جھارکھنڈ کی کولیبرا سیٹ پر 20 دسمبر کو پولنگ ہوئی تھی۔جھارکھنڈ کے کولیبرا میں 5 امیدوار اپنی قسمت آزمانے کے لئے میدان میں اترے تھے، مگر کانگریس اُمیدوار نمن بیکسل کونگاری نے جیت درج کرلی۔